کاروار،4؍ نومبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی حیثیت سے گزشتہ ایک سال سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے والی سومن پینیکر کا تبادلہ سی آئی ڈی شعبہ میں کر دیا گیا اور ان کی جگہ پر وشنو وردھن کو نئے ایس پی کے بطور تعینات کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ضلع میں امن اور قانون کی صورتحال پوری طرح قابو میں رکھنے اور غیر قانونی شراب، منشیات فروشی ، مٹکہ ، جوے بازی جیسی سرگرمیوں پر بڑی حد تک روک لگانے کی وجہ سے سومن پینیکر نے عوام میں بڑی مقبولیت حاصل کی تھی ۔ مگر ایسی غیر قانونی سرگرمیاں چلانے والے مافیا اور اپنے سیاسی مفادات کو ترجیج دینے عوامی منتخب نمائندوں کی طرف سے سومن پینیکر کا تبادلہ کروانے کی کوشش پچھلے کئی مہینوں سے چل رہی تھی جس کی تفصیلات اس سے پہلے سامنے لائی جا چکی ہے ۔ سرکاری طور باضابطہ تبادلے کے لئے تعیناتی کی مقررہ مدت ایک سال پوے ہونے کا انتظار کیا جا رہا تھا ۔ 31 اکتوبر کو ایک سال پورا ہوتے ہی دو دن کے اندر ایک فرض شناس اعلیٰ پولیس افسر کا تبادلہ کیے جانے پر عوام میں بے اطمینانی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے اور حکومت پر نکتہ چینی کی جا رہی ہے کہ وہ بدعنوان لابی کے دباو میں آ گئی ہے ۔ دوسری طرف غیر سماجی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والا گروہ ، محکمہ پولیس کے بدعنوان اہلکار اور ضلع کے بعض اراکین اسمبلی خوش ہے کہ اب وہ آزادی کے ساتھ اپنا کھیل جاری رکھ سکیں گے۔
سومن پینیکر کی جگہ بنگلورو انٹلی جنس شعبہ میں خدمات انجام دے رہے وشنو وردھن کو ضلع شمالی کینرا کا ایس پی تعینات کیا گیا ہے ۔ وشنو وردھن نے اس سے قبل اڈپی ضلع ایس پی کی خدمات بھی انجام دی ہیں۔